کمبوڈیا میں ایک چوہے نے 100 سے زائد بارودی سرنگوں اور دیگر ناکارہ دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے پر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رونن نے اگست 2021ء سے لے کر اب تک 109 بارودی سرنگوں اور 15 ناکارہ ہتھیاروں کا پتہ لگایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رونن سے پہلے یہ ریکارڈ افریقی چوہے ماگاوا کے پاس تھا جس نے 5 سال کے دوران 71 بارودی سرنگیں اور 38 ناکارہ ہتھیاروں کا پتہ لگایا تھا، وہ 2021ء میں ریٹائر ہوا اور 2022ء میں مر گیا۔
رونن کو تربیت دینے والی بیلجیئم کی این جی او ’اے پی او پی او‘ نے اسے یہ ریکارڈ بنانے پر ’Most Successful Mine Detection Rat‘ بھی قرار دیا ہے۔
اے پی او پی او کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ رونن مائن ڈیٹیکشن کے شعبے میں 2 سال یا اس سے زائد عرصے تک کام کر سکتا ہے۔
اے پی او پی او کا مزید کہنا ہے کہ رونن کی کامیابیاں ڈیٹیکشن کے شعبے کو مضبوط بنانے کے عمل کے مؤثر ہونے کا ثبوت ہیں، یہ چوہا صرف ایک اثاثہ نہیں بلکہ ایک قابلِ قدر پارٹنر اور ساتھی بھی ہے۔
اے پی او پی او نے یہ بھی بتایا کہ رونن اور اس جیسے دوسرے چوہے دن میں 30 منٹ کام کرتے ہیں اور جب وہ ایک خاص عمر کو پہنچ جاتے ہیں تو انہیں ریٹائرمنٹ کمیونٹی میں منتقل کر دیا جاتا ہے جہاں وہ خصوصی نگہداشت میں رہتے ہیں۔
بیلجیئم کی این جی او ’اے پی او پی او‘ 25 سال سے چوہوں کو بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے کی تربیت دے رہی ہے۔