چین میں ایک شخص کو دن بھر پہنی ہوئی گندی جرابوں کو سونگھنے کی عادت مہنگی پڑگئی اور اس کے پھیپھڑوں میں ’فنگل لنگ انفیکشن‘ ہوگیا۔
جنوب مغربی چین کے علاقے چونکنگ سے تعلق رکھنے والا مذکورہ بالا درمیانی عمر کا شخص دفتری کارکن ہے اور اس کا نام میڈیا نے ظاہر نہیں کیا۔
اسکے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے حال ہی میں مسلسل کھانسی کی وجہ سے مقامی آرمی میڈیکل یونیورسٹی کے ساؤتھ ویسٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
جہاں اس نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ کھانسی کی دوا پینے کے باوجود حالیہ دنوں میں اسکی بیماری بدترین شکل اختیار کرگئی اور اس وجہ سے اس کی آنکھوں تک میں خون اتر آیا تھا جس پر اسے فوری طبی امداد لینا پڑی۔
ڈاکٹروں نے اس کی ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کرانے کے بعد کہا کہ اس کے نچلے دائیں پھیپھڑے میں نشانات پائے گئے ہیں جس کے بعد برونکو اسکوپی کرانے پر پتہ چلا کہ مریض کو فنگل لنگ انفیکشن کی بیماری ہے جس کی وجہ مٹی، گلنے سڑنے والی خراب اشیا اور کمروں اور گھروں کے اندر دھول مٹی ہوتی ہے۔
اس سے انفیکشن کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں جب ڈاکٹروں نے پوچھا تو معلوم ہوا کہ اس شخص کو اپنے ہی گندے جرابوں کو سونگھنے کی عادت تھی۔
ڈاکٹروں نے اس سے اس کے گھر کے اندر تازہ ہوا کی آمد و گردش کے بارے میں بھی پوچھا۔ ڈاکٹروں نے بعد ازاں جب اسکے گندے جرابوں کا طبی تجزیہ کروایا تو اس میں ایسپرگیلس( مٹی، گلنے سڑنے والی خراب اشیا اور کمروں اور گھروں کے اندر دھول مٹی سے ہونے والی پھیپھڑوں کی بیماری) کے جراثیم کے نشانات ملے۔