پاکستان میں شادی بیاہ کی تقریبات میں پیسے نچھاور کرنا عام سی بات ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ رسم کچھ دوسرے ممالک میں بھی پائی جاتی ہے۔
شادی بیاہ کی تقریبات میں پیسے نچھاور کرنا دولہا کو مہنگا پڑ گیا،جسے 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں پیسے نچھاور کرنا عام بات ہے لیکن نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک دولہا کو اس رسم کی وجہ سے مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دولہا میاں اپنی شادی پر ڈانس کرتے ہوئے پیسے لٹا رہے تھے کہ پولیس نے دولہا کے خلاف پیسے کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
عبداللّٰہ موسیٰ حسینی نامی دولہا نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، جس پر نائجیرین شہر کانو کی ہائی کورٹ نے اسے 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
واضح رہے کہ عبداللّٰہ موسیٰ حسینی کی گرفتاری نائجیریا کے مرکزی بینک کے 2007ء کے ایکٹ کے تحت کی گئی ہے۔
نائجیریا میں اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن اس رسم کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور اسے پیسے کی بے توقیری قرار دیا جاتا ہے۔