• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں کے پاس نیٹو فورسز کا جدید اسلحہ ہے: شیخ رشید


وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہے جو نیٹو فورسز چھوڑ کر گئیں۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گزشتہ روز بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کے حملوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ گیٹ پر داخلے کے لیے دہشت گردوں نے بارودی گاڑیاں استعمال کیں۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ کامیاب نہ ہو سکا، وہ جو ارادے لے کر آئے تھے ان میں بری طرح ناکام ہوئے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور مکمل فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ افغان طالبان نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ نہیں سمجھ رہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاقے کنٹر، پکتیا اور خوست میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔

شیخ رشید نے حزبِ اختلاف کے حوالے سے یہ کہا کہ اپوزیشن کچھ نہ کر سکی، حکومت کو ساڑھے 3 سال ہو گئے، سوا سال باقی رہ گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید