• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکار دشمن مایوسی پھیلانے کی کوشش کرتا ہے: کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی —فائل فوٹو
کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی —فائل فوٹو

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا کہنا ہے کہ مکار دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے مایوسی پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے قائدِ اعظم ریزیڈینسی زیارت میں یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا کہ قائدِ اعظم نے اخوت اور اتحاد کا پیغام دیا، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور وہاں کے لوگوں کو حق ملے گا۔

کمانڈر 12 کور نے یہ بھی کہا کہ دشمن کشمیر کی تکلیف کا اظہار بلوچستان میں کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حالات اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں، بس حالات کا دھارا دیکھنے کی ضروت ہوتی ہے۔

’’جدوجہدِ آزادیٔ کشمیر ناکام ہتھکنڈوں سے نہیں دبائی جا سکتی‘‘

آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمود یوسف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں 6 ہزار کشمیری ماورائے عدالت قتل ہو چکے ہیں، بھارت نے 500 کشمیری رہنماؤں کو قید کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد ناکام ہتھکنڈوں سے نہیں دبائی جا سکتی، ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، کشمیر کی شہ رگ کو ظالم بھاتی فوج سے محفوظ بنائیں گے۔

صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کیا کہا؟

بلوچستان کے صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کا مقصد ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے، انہیں حقِ خود ارادیت نہیں دیا جا رہا۔

صوبائی وزیر حاجی نور محمددمڑ نے یہ بھی کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبا رہا ہے، پاکستانی عوام کشمیر کے ساتھ ہیں ، جلد کشمیر بنے گا پاکستان۔

قومی خبریں سے مزید