• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم آئی ایم ایف کے دباؤ پر قانون سازی نہیں چاہتے، سراج الحق


امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ قانون سازی آئی ایم ایف کے دباؤ پر نہ ہو۔

گجرات میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کی بہتری کیلئے قانون سازی ہو،آئی ایم ایف کی ایما پر ایسا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نےجتنے اعلانات کیے وہ جھوٹے نکلے، عمران خان نے ساڑھے تین سالوں میں سچ نہیں بولا، اس حکومت نے نوجوانوں کے ساتھ بڑا فراڈ کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہاکہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا، آج کفن کےلیے استعمال ہونے والے کپڑے پر بھی ٹیکس لگایا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان جس کو بڑا ڈاکو کہتے تھے اس کے ساتھ پنجاب اور وفاق میں مل کر حکومت بنائی۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے درمیان مفادات اور اختیارات کی لڑائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے بلاول بھٹو اور مریم نواز کبھی بھائی بہن بن جاتے ہیں تو کبھی ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی خطرناک ہیں،جب وہ اقتدار میں نہیں ہوں گے تو لندن میں نواز شریف کےساتھ کرکٹ کھیلیں گے،تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اندر سے ایک ہیں۔

قومی خبریں سے مزید