• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لتا منگیشکر نے اپنی پہلی تنخواہ سے کیا خریدا تھا؟

گزشتہ روز انتقال کرجانے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے کئی سال قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی پہلی تنخواہ کے چیک سے اپنے لیے ہیرے کی انگوٹھی خریدی تھی۔

پیار سے ’دیدی‘ اور ’دی نائٹنگیل آف انڈیا‘ کہلانے والی لتا منگیشکر نے لاکھوں دلوں پر راج کیا۔ یوں، 92 سال کی عمر میں ان کی موت نے اُن کے چاہنے والوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ 

لیجنڈ گلوکارہ نے گزشتہ روز 6 فروری کو اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔ جہاں وہ اپنے گانوں کے لیے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں، وہیں ہیروں سے ان کی محبت کے بارے میں بہت سے لوگ نہیں جانتے۔ 

لتا منگیشکر کو بچپن سے ہی ہیروں کا بہت شوق تھا اور کئی سال قبل ایک انٹرویو میں گلوکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ ان کا خاندان ہیرے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیروں سے اپنی محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، لتا منگیشکر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’مجھے بچپن سے ہیروں کا شوق تھا، بچپن میں، میرے والد جیولری ڈیزائن کرتے تھے لیکن ہمارے پاس اتنے مالی وسائل نہیں تھے کہ ہم ہیرے کی جیولری خرید سکیں۔‘

لتا منگیشکر نے کہا کہ ’مجھے زیورات اور قیمتی پتھر پہننے کا شوق تھا، میں نے پلے بیک سنگر بننے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ میں جب بھی پہنوں گی تو ہیرے کی جیولری ہی پہنوں گی لہٰذا میں نے اپنی پہلے تنخواہ سے اپنی والدہ کے لیے سونے کے زیورات خریدے اور اپنے لیے، میں نے ایک ہیرے کی انگوٹھی لی۔‘

گلوکارہ نے مزید بتایا کہ ’یہ خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ہیرے اور روبی کی انگوٹھی تھی جس پر میرے نام کے ابتدائی حروف ’LM‘ نقش تھے، وہ میری قیمتی چیزوں میں سے ایک ہے۔‘

واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے سے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔

92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید