• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار نے اپنی چھوٹی بہن کو کھو دیا: سائرہ بانو کا لتا کے انتقال پر بیان

لیجنڈری بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ و اداکارہ سائرہ بانو نے سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار نے اپنی چھوٹی بہن کو کھو دیا۔

بھارتی میڈیا سے خصوصی بات چیت  کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ جب سے لتا منگیشکر اسپتال میں داخل تھیں وہ اُن کی صحت کا مسلسل معائنہ کر رہی ہیں، وہ گلوکار ہ کے اپنے اور دلیپ کمار سے ان کے گھر ملنے کی کچھ دلکش یادیں بھی یاد کرتی ہیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ ’لتا جی کے انتقال کا دن میرے لیے ایک خوفناک دن ہے، میں مسلسل اُن کی بھانجی کے ساتھ رابطے میں تھی، آخری بار اُن کی بھانجی نے یہی بتایا تھا کہ لتا جی کی حالت تشویشناک ہے اور بدقسمتی سے وہ گُزر گئیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’لتا جی ہمارے لیے خاندان کی طرح تھیں، دلیپ صاحب اپنی چھوٹی بہن کو کھو چکے ہیں، وہ دونوں واقعی ایک دوسرے کے دلدادہ تھے اور وہ اکثر ہمارے گھر آیا کرتی تھیں۔ جب بھی وہ گھر آتیں تو ایسا محسوس ہوتا کہ ہمارے خاندان کا کوئی فرد ہمارے ساتھ آ گیا ہے۔‘

دلیپ کمار کی اہلیہ نے کہا کہ ’لتا منگیشکر سب سے حیرت انگیز انسان تھیں، ہم نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ وہ ’لتا منگیشکر‘ ہیں، وہ ہمیشہ اس وقت آتی تھیں جب کوئی نہ ہوتا کیونکہ وہ بیک وقت بہت سے لوگوں سے گھل ملنا پسند نہیں کرتی تھیں۔‘

لتا منگیشکر اور دلیپ کمار کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ ‘دلیپ صاحب اور لتا جی کے بارے میں جو یادیں مجھے یاد ہیں ان میں سے ایک وہ ہے جب 1974ء میں لندن کے رائل البرٹ ہال میں اپنے پہلے بین الاقوامی کنسرٹ میں دلیپ صاحب نے انہیں ’لتا میری چھوٹی بہن، اسٹیج پر آؤ‘ کے طور پر متعارف کرایا تھا۔‘

سائرہ بانو نے کہا کہ ’دلیپ صاحب کو جب بھی معلوم ہوتا کہ لتا جی آرہی ہیں تو وہ اُن کے لیے خاص پکوان بنانے کا حکم دیتے، لتا جی سادہ کھانے والی تھیں، قورمہ، شامی کباب اور بریانی کھانا پسند کرتی تھیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’حقیقت میں، لتا جی، دلیپ صاحب کے ساتھ میری محبت کی کہانی میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں، دلیپ صاحب ہمیشہ کہتے تھے، ‘میری چھوٹی بہن آئی ہے‘، ان کا ایک خاص رشتہ تھا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘

واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔

92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

دوسری جانب دلیپ کمار گزشتہ برس شدید علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید