• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے دورے کا منتظر اور پرجوش ہوں، عثمان خواجہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کے دورے کا منتظر ہوں اور بہت پرجوش ہوں کیونکہ میں اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں جا رہا ہوں جہاں میں پیدا ہوا ہوں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کے لیے فل اسٹرنتھ ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں بائیں ہاتھ کے بیٹر عثمان خواجہ بھی شامل ہیں۔

عثمان خواجہ نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل میں پاکستان میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطہ عرصہ دراز تک کرکٹ سے محروم رہا ہے،  پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے، برصغیر میں کرکٹ کا بہت سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے والد شروع سے کرکٹ کو دیکھتے ہیں، انہیں کرکٹ کا بہت شوق ہے، مجھے پاکستان میں کھیل کر بہت اچھا لگے گا، وہاں کرکٹ کو انجوائے کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تمام اسکواڈ نے پاکستان جانے فیصلہ کیا ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے اس حوالے بہت کام کیا ہے، انگلینڈ نے پاکستان جانے سے انکار کیا تھا اور بھارت کی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی اب یہ 1998 کے بعد دورہ بڑا اہم ہے، کرکٹ کے لئے یہ بہت اچھا ہے کہ کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی، سیریز دونوں ممالک کو قریب لائے گی۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ پاکستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے، حسن علی اور شاہین آفریدی اچھے بولرز ہیں، اپنے گراؤنڈز پر کھیلنے کا فائدہ ہو گا، شاداب خان اس وقت پی ایس ایل میں بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں جبکہ اظہر علی آسٹریلیا میں ہمارے خلاف رنز کر چکے ہیں اور محمد رضوان اچھے وکٹ کیپر بیٹر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بڑی اچھی یادیں وابسطہ ہیں اس دورے سے یادیں تازہ ہوں گی۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید