وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دس وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر سوشل میڈیا صارفین نے کئی سوالات اُٹھا دیے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دس وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے گئے جس میں مراد سعید سب پر بازی لے گئے۔
وزراء کو سرٹیفکیٹ دینے پر سوشل میڈیا صارفین وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے نظر آرہے ہیں کہ یہ اسناد کن بنیادوں پر دی گئی ہیں، ان کی رپورٹ بھی شیئر کی جائے۔
ایک صارف نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کون سی پرفارمنس پر اسناد دی گئی ہیں؟ عوام کو بےیار و مددگار کرنے کے علاوہ کیا پرفارم کیا؟‘
عبدالملک نامی صارف نے کہا کہ ’چوروں کو اسناد تقسیم کی گئی ہیں۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے وزراء کی کارکردگی کس کی بہتر ہے یا کس کی خراب؟ یہ صرف عوام ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔‘
صارف نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپس میں ہی ایک دوسرے کو بہترین پرفارمنس کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے سے گریز کرنا چاہیے۔‘
ایک صارف نے کہا کہ ’وزیر اعظم عمران خان کے لیے ایوارڈ کہاں ہے؟ وزیراعظم صاحب مہنگائی اور ناقص کارکردگی پر خود کو ایوارڈ دیں۔‘