آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی 16فروری کو کراچی میں رپورٹ کریں گے جبکہ 17 فروری کو ٹریننگ کا آغاز ہو گا۔
اسکواڈ میں شامل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا حصہ نہ ہونے والے کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کریں گے اور پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑی فارغ ہونے پر کیمپ جوائن کرتے جائیں گے۔
ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی 23 فروری کو اسلام آباد جائیں گے جبکہ 24 سے 26 فروری آئسولیشن کریں گے اور پنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز 27 فروری سے ہو گا۔
خیال رہے کہ 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔