پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ تاخیر سے جوائن کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ کے ویزا اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، سفری دستاویزات جلد مکمل ہونے پر وہ کراچی میں تاخیر سے کیمپ میں آئیں گے۔
کراچی میں کیمپ کا پہلا مرحلہ 23 فروری کو ختم ہو جائے گا، سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی صورت میں شان ٹیٹ براہ راست اسلام آباد پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر کو 12 ماہ کے لئے بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔