• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی رسہ کشی اور میوزیکل چیئرزکا دور گزر چکا، احسن اقبال

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اب سیاسی رسہ کشی اور میوزیکل چیئرز کے کھیل ماضی بن چکے ہیں، اب یہاں سیاسی استحکام ہے، دنیا کے سرمایہ کار پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کریں ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں ضرب المثل ہے، 65 سالوں میں چین نے پاکستان کا ہر مشکل گھڑی میں غیر مشروط ساتھ دیا ہے اور پاکستان نے بھی ہر فورم پر چین کے ساتھ دوستی کا حق نبھایا ہے،اقتصادی سطح پر بھی اس دوستی کو ہماری حکومت نے برسر اقتدار آ کر ایک اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی بدولت چین پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والا ملک بن چکا ہے اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات بہت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہے ہیں، سی پیک منصوبہ کے باعث یہ دوستی ہمالیہ سے اونچی نہیں بلکہ ستاروں تک بلند ہو چکی ہے، انشاءاﷲ تعالیٰ اس دوستی کے اقتصادی نتائج سے  پاکستان کو بجلی کے بحران پر قابو پانے اور ملک کے اندر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ چاروں صوبوں اور پسماندہ علاقوں کو راہداری کے ذریعے منسلک کرنے کا موقع ملے گا اور چین اور وسطی ایشیاءکو آپس میں ملانے سے خطہ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
تازہ ترین