• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سپر فوڈز‘‘ کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے ہاتھ دھونے کی عادت مختلف بیماریوں بالخصوص موسمی وائرس سے دور رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ، اپنی خوراک میں ایسی غذاؤں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے جنھیں ’’سپر فوڈز‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ آپ کو موسمی وائرس مثلاً نزلہ زکام سے ہرممکن حدتک محفوظ رہنے یا جلد صحتیاب ہونے میں مدد دیتے ہیں۔ 

’سپر فوڈ‘ ایسی غذاؤں کو کہا جاتا ہے، جن کی غذائی خصوصیات عام غذاؤں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ ماہرین موسم سرما کے لیے بالخصوص وٹامن سی، اینٹی آکسیڈنٹس اور اَن سیچوریٹڈ فیٹس سے بھری غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ یہ مدافعتی نظام مضبوط کرنے، توانائی بڑھانے اور مختلف انفیکشن کے خلاف مزاحمت کاکام انجام دیتی ہیں۔ ذیل میں ایسی ہی غذاؤں کا ذکر کیا جارہا ہے، جنہیں طبی ماہرین خوراک کا حصہ بنانے پر زور دیتے ہیں۔

سبزیاں (جڑ والی)

ماہرین سردیوں کے لیے ایسی سبزیاں کھانا تجویز کرتے ہیں جو جڑوالی ہوں (مثلاً چقندر، گاجر اور شلجم) کیونکہ وہ اینٹی آکسیڈنٹس اور معدنیات سے مالا مال ہوتی ہیں۔ کیلوریز میں کم اور غذائیت میں زیادہ ہونے کی وجہ سے ماہرین ان سبزیوں کو غذائیت کا پاور ہاؤس قرار دیتے ہیں۔ موسم سرما میں ان سبزیوں کی پیداوار بھی دیگر موسموں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ ابلے ہوئے شلجم وٹامن اے اور سی جبکہ گاجریں بیٹا کیروٹین کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہیں ۔

بروکلی

ماہرین کی جانب سے بروکلی کا بھی ان غذاؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جن کو استعمال کرنے سے مختلف اقسام کے انفیکشن سے لڑنے میں مدد حاصل ہوسکتی ہے۔ بروکلی میں وٹامن سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ وٹامن سی کو مدافعتی نظام کی مضبوطی سے منسلک کیا جاتا ہے اورجس انسان کا مدافعتی نظام جتنا مضبوط ہوگا، بیماریاں اس پر اتنا ہی کم حملہ آور ہوں گی۔ اگر آپ بروکلی تازہ حاصل نہیں کرپاتے تو فریز کی ہوئی بروکلی بھی استعمال کی جاسکتی ہیں ۔

جو کا دلیا

ویسے تو روزانہ ناشتے میں جو کے دلیہ کا استعمال بے حد فائدہ مند ہوتا ہے۔ تاہم، موسم سرما کے دوران ناشتے میں کھایا گیا جو کادلیا ضروری غذائیت حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔ ایک برطانوی پروفیسر کے مطابق سخت سردی کی صبح ناشتے میں جو کے دلیے سے زیادہ فائدہ مند کوئی اور چیز نہیں ہے۔ 

اس میں موجود زنک مدافعتی نظام کی بہتری جبکہ فائبر کی موجودگی دل کی صحت کے لیےنہایت موزوں ہوتی ہے۔ دوسری جانب ناشتے میں جو کا استعمال کولیسٹرول کم کرنے اور مدافعتی نظام مضبوط کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ بجٹ پر بھی زیادہ بھاری محسوس نہیں ہوتا،لہٰذا اس کی زیادہ غذائی خصوصیات کے سبب اس کو روزانہ اپنے ناشتے کا حصہ بنالیں ۔

سوپ

موسم سرما اور سوپ لازم و ملزوم سمجھے جاتے ہیں۔ گلی محلّے، ریستوران اور گھر سوپ کی خوشبو سے مہک رہے ہوتے ہیں۔ ماہرین بھی اسے سردی کی ایک بہترین غذا قرار دیتے ہیں۔ برطانوی یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق کے نتائج کے مطابق سوپ کا استعمال نظام تنفس کے انفیکشن کی روک تھام میں مدد دیتا ہے۔ سوپ کو مختلف طریقوں مثلا ًسبزیوں، دالوں، یخنی، چکن، کارن فلو ر اور کریم وغیرہ سے تیار کیا جاتا ہے۔

سوپ کی تیاری کے لیے اگر دیسی مرغی کا استعمال کیا جائے تو یہ زیادہ غذائیت فراہم کرتی ہے۔ دیسی مرغی انسانی جسم کے لیے کئی طرح سے مفید قرار دی جاتی ہے جیسے کہ اس کا استعمال ٹوکسن کی کمی میں مددگار ثابت ہوتا ہے، ساتھ ہی یہ وزن میں کمی لانے اور ذہنی دبا ؤ کم کرنے کی صلاحیت سے بھی مالا مال ہوتی ہے۔

شہد

صحت برقرار رکھنے کے لیے خالص شہد کھانا چاہیے، بالخصوص جب موسم خشک ہو یا سردی اپنے عروج پر ہو۔ جن بچوں کو شیرخواری سے16سال کی عمر تک شہد کھلایا جاتا ہے وہ درازقد، ذہین اور خوبصورت ہوتے ہیں، ان کے اندر بیماریوں سے لڑنے کا مدافعتی نظام انتہائی بہتر ہو جاتا ہے۔ 

شہد کھانے والے بچے عموماً طویل العمر ہوتے ہیں، لہٰذا بچوں کو شیرخواری سے ہی شہد کھانے کا عادی بنا دیا جائےتو وہ اس سے مانوس ہو جاتے ہیں اور اس سےان کی توانائی بھی پوری ہوجاتی ہے۔ ماہرین طب وصحت کا کہنا ہے کہ ناشتے اور رات کو سونے سے پہلے ایک چمچ شہد دودھ میں ملا کر پینے سے انسان جسمانی اورذہنی طور پر صحت مند ہوتا ہے۔

انڈے

انڈے ویسے تو سالہا سال ہی شوق سے کھائے جاتے ہیں لیکن سردیوں میں انڈےخاص طور پر دیسی انڈوں کا استعمال صحت کے لیے بے حد مفید رہتا ہے۔ دیسی انڈے افزائش کے طریقوں کی وجہ سے کیمیکل اور بیکٹریا سے پاک ہوتے ہیں۔ ان میں موجود پروٹین، اینٹی آکسیڈنٹ، امائنوایسڈ اور آئرن کی مقدار جسم کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین ایک صحت مند انسان کے لیے روزانہ دو انڈے کھانے کامشورہ دیتے ہیں، ان کے مطابق دو انڈے12گرام پروٹین کی مقدار پر مشتمل ہوتے ہیں ۔

موسمی پھل

غذائی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ہر موسم کا پھل ضرور کھانا چاہیے کیونکہ اس میں قدرت کے راز پوشیدہ ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ روزانہ صرف ایک سے آٹھ گرام تک وٹامن سی استعمال کریں تو سردیوں میں نزلہ، زکام اور کھانسی سے کافی حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ کینو، لیموں اور گریپ فروٹ جیسے پھل جسمانی نظام کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتےہیں۔ ان کے استعمال سے آپ کسی بھی طرح کی جسمانی کمزوری محسوس نہیں کریں گے۔

صحت سے مزید