• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی اطہر متین کے قاتلوں تک جلد پہنچ جائینگے: کراچی پولیس چیف

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ صحافی اطہر متین کے قاتلوں سے متعلق کچھ مواد ملا ہے، قاتلوں تک جلد پہنچ جائیں گے۔

صحافی اطہر متین کے قتل کے حوالے سے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے یہ بھی کہا کہ اسٹریٹ کرائمز سے متعلق پالیسی واضح ہے۔

پولیس حکام کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں میں 84 فیصداضافہ ہوا ہے۔

جنوری 2022ء میں 3 ہزار 908 موٹر سائیکلیں چوری اور 419 چھینی گئیں، دسمبر 2021ء میں 3 ہزار 385 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں جبکہ 308 چھینی گئیں۔

واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین اس وقت ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے جب انہوں نے راستے میں لوٹ مار کی واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل سے اپنی کار ٹکرا دی۔

پولیس کے مطابق گرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان ایک اور موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔

قومی خبریں سے مزید