پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 22 رنز سے شکست دے کر بلآخر فتح کا مزہ چکھ لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو 150 رنز کا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم جو پی ایس ایل 7 کی پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے وہ 150 رنزکے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 127 رنز ہی بناسکی۔
قلندرز کی طرف سے محمد حفیظ 33، ڈیوڈ ویزے 31 اور ہیری بروک 26 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، اب تک پی ایس ایل میں اپنی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان صرف 1 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کی طرف سے میر حمزہ نے 4، کرس جورڈن نے 2 اور عماد وسیم نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل بابر اعظم الیون 19 اعشاریہ 5 اوورز میں149 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور لاہور قلندرز کو150 رنز کا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز کے زمان خان اور راشد خان کی بولنگ کے سامنے کراچی کے بیٹر کھل کر نہ کھیل سکے۔
کراچی کی طرف سے بابر اعظم 39، لوئس گریگوری 28 اور قاسم اکرم 26 کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے ہیں۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان نے 16 اور راشد خان نے 17 رنز کے عوض 4،4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ کی ٹاس کے لیے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور کراچی کنگز کے بابراعظم میدان میں اترے۔
ایونٹ میں کراچی کنگز اپنا 9واں میچ کھیل رہی ہے اسے 8 مقابلوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل 7 میں اپنا 8واں میچ کھیل رہی ہے، یہ ٹیم 5 میچز میں فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
آج کے میچ میں کراچی کنگز کی حتمی الیون میں کپتان بابراعظم، شرجیل خان ، جو کلارک، لیوئس گریگوری، محمد نبی، روحیل نذیر، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عثمان شنواری اور میر حمزہ شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، فل سالٹ، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور زمان خان ٹیم کا حصہ تھے۔