گزشتہ روز بھارتی ٹیلی وژن اداکارہ شیبانی ڈانڈیکر کے ساتھ دوسری شادی کرنے والے بالی ووڈ اداکار فرحان اختر کا ولیمہ کب اور کہاں ہوگا؟ بھارتی میڈیا نے بتادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوبیاہتا جوڑا فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر عدالت میں شادی کی رجسٹریشن کے بعد اس ماہ کے آخر میں ممبئی میں ایک شاندار استقبالیہ کی میزبانی کرے گا۔
کورونا وائرس پروٹوکول کی وجہ سے فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر کی شادی کی تقریب میں صرف 50 لوگ شریک تھے۔
شادی کی تقریب میں جاوید اختر نے اس جوڑے کے لیے ایک خصوصی نظم پیش کی جبکہ فرحان اختر نے اپنی اہلیہ شیبانی کے ساتھ ڈانس کیا۔
ہریتھک روشن، راکیش روشن، ریا چکرورتی، ستیش شاہ، آشوتوش گواریکر اور دیگر مشہور شخصیات شادی کا حصہ تھیں۔
اس سے قبل، جوڑے نے اپنے قریبی دوستوں اور کنبہ کے افراد کے ساتھ مہندی اور سنگیت رات کا اہتمام کیا تھا۔
واضح رہے کہ فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر نے نہ نکاح کیا اور نہ ہی مراٹھی طرز کی شادی کے تحت کوئی رسم ادا کی، کہا جارہا ہے کہ جوڑے نے ایک دوسرے کے مذہبی پس منظر اور عقائد کو اپنے خاص دن سے دور رکھنے کے لیے روایتی شادی نہ کرنے کا انتخاب کیا۔
فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر نے اپنی شادی کو نہایت ہی سادہ رکھتے ہوئے قریبی عزیز و اقارب کے سامنے ساری زندگی ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کی قسمیں کھائیں۔
فرحان اور شیبانی نے الگ الگ قسمیں لکھیں جو انہوں نے آج تمام مہمانوں کی موجودگی میں پڑھ کر سنائیں۔
خیال رہے کہ فرحان اختر نے ہیئر اسٹائلسٹ ادھونا سے سال 2000 میں پہلی شادی کی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر جوڑے نے شادی کے 17 سالہ ازدواجی تعلق کو 2017 میں ختم کردیا تھا۔
فرحان اختر اور ادھونا کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔