• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان اختر کا اپنی دوسری شادی پر رہتیک روشن کیساتھ ڈانس

بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ شیبانی ڈانڈیکر کے ساتھ حال ہی میں دوسری شادی کرنے والے بالی ووڈ اداکار فرحان اختر نے رہتیک روشن کے ساتھ ڈانس کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر کی شادی میں، دولہا اور ان کے بہترین دوست رہتیک روشن نے ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کے گانے ’سینوریٹا‘ پر ڈانس کیا اور یہ ویڈیو بے حد وائرل ہو رہی ہے۔ 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں رہتیک اور فرحان کو اپنے گانے ’سینوریٹا‘ کے اسٹیپ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو کے ایک حصے میں، رہتیک روشن اسٹیپ بھول جاتے ہیں۔ تاہم، وہ فرحان کی طرف سے تھوڑی بہت مدد حاصل کر لیتے ہیں اور پھر دوبارہ ڈانس کرنا شروع کردیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رہتیک روشن نے اپنے والد راکیش روشن اور والدہ پنکی روشن کے ساتھ فرحان اور شیبانی کی شادی میں شرکت کی۔

رہتیک روشن اور فرحان اختر بچپن کے دوست ہیں، جنہوں نے ’لک بائے چانس‘ اور ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ فرحان نے فلم ’لکشیا‘ میں رہتیک روشن کی ہدایت کاری بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ شیبانی ڈانڈیکر اور فرحان اختر نے سال 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور ہفتے کے روز کھنڈالہ میں ایک سادہ تقریب میں ان کی شادی ہوئی۔  

خیال رہے کہ فرحان اختر نے ہیئر اسٹائلسٹ ادھونا سے سال 2000 میں پہلی شادی کی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر جوڑے نے شادی کے 17 سالہ ازدواجی تعلق کو 2017 میں ختم کردیا تھا۔

فرحان اختر اور ادھونا کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید