• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ماہی گیروں کا احتجاج جاری، بندرگاہ کے بعد مرکزی شاہراہیں بند کرنے کی تیاری


بلوچستان میں غیرمقامی ماہی گیروں کے شکار پر پابندی کیخلاف کراچی کے ماہی گیروں کا احتجاج جاری ہے اور مظاہرین بندرگاہ کے اطراف کی شاہراہیں بند کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد کراچی کے ماہی گیر احتجاج کے اگلے مرحلے کی طرف جا رہے ہیں، کراچی فشرمین کاآپریٹو سوسائٹی میں ماہی گیروں کی بڑی تعداد جمع ہے۔

ماہی گیر ریلی کی شکل میں لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات کرتے ہوئے کراچی فش ہاربر پر گشت کر رہے ہیں، اطلاعات ہیں کہ ماہی گیر کچھ دیر میں میں ناردرن بائی پاس کا آئی سی آئی چوک اور نیٹی جیٹی پل اور فش ہاربر کے راستے بند کریں گے۔

واضح رہے کہ احتجاج کی وجہ سے کراچی میں بندرگاہ گزشتہ روز سے بند ہے، کے پی ٹی پر چینل بند ہونے سے پورٹ پرجہازوں کی آمدورفت مکمل رک گئی ہے جس کے باعث پورٹ پر لنگر انداز ہونےکیلئے جہازچینل کے اندر داخل ہونے کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے جہاز رانی و بندرگاہ محمود مولوی سے ماہی گیروں کے مذاکرات ناکام ہوگئے، ماہی گیروں اور وزیراعظم کے مشیر کے درمیان آج مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید