یوکرین کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس کی افواج کیف میں پارلیمنٹ کی عمارت سے9 کلومیٹر دور شمالی ضلع اوبولان میں ہیں۔
یوکرینی وزار ت دفاع کاکہنا ہے کہ امن پسند شہری ہوشیار رہیں، گھروں سے باہرنہ نکلیں۔
چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر روس کا قبضہ، تابکاری کا اخراج، یوکرینی نیوکلیئر ایجنسی
یوکرینی نیوکلیئر ایجنسی کاکہنا ہے کہ مشہور چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر روسی قبضے کے بعد تابکاری کا اخراج شروع ہوگیا ہے جو قابل قبول حد سے زائد ہے۔
نیوکلیئر ایجنسی کا کہنا ہے کہ چرنوبل سے گاما شعاعوں کا اخراج بڑھا ہے، اس صورتحال میں اس کی وجہ معلوم کرنا مشکل ہے۔
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے یوکرین کی118 ملٹری انفراسٹرکچر سائٹس تباہ کر دی ہیں۔
روسی فوج نے یوکرینی جزیرے زمینائی آئی لینڈ پر قبضہ
وزارت دفاع نے کہا کہ چرنوبل پاور پلانٹ کی حفاظت کے لیے پیرا ٹروپرز تعینات کریں گے، ابھی پاور پلانٹ کے علاقے میں تابکاری کی سطح معمول پر ہے۔
روسی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ روسی فوج نے بحیرۂ اسود میں یوکرینی جزیرے زمینائی آئی لینڈ پر قبضہ کرلیا ہے۔
یوکرینی جزیرےزمینائی میں82 یوکرینی فوجیوں نے سرنڈر کیا ہے۔
روس کا یوکرینی دارالحکومت کیف کا محاصرہ
دوسری جانب روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کا محاصرہ کرلیا ہے، شہر لوویو میں سائرن بجنا شروع ہوگئے ہیں، روسی افواج کیف سے 20 میل کےفاصلے تک پہنچ گئی ہیں، حملے کے دوسرے دن کیف میں 2 دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ میزائل کا ملبہ گھر پر گرنے سے آگ لگ گئی۔
یوکرینی ایئر ڈیفنس کی جانب سے روسی فضائی حملہ روکنے اور ایک روسی طیارہ مار گرانے سمیت متعدد میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
یوکرین میں اندرون ملک ٹرینوں کی آمد رفت متاثر ہے، زمینی حملے کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کا سفارتخانہ کیف سے پولینڈ کی سرحد کے قریبی شہر ٹرنوپل منتقل کردیا گیا ہے۔
یوکرین نے حملوں میں 137شہری ہلاک اور 150 زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، یوکرین پر حملے کے خلاف روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں احتجاج کیا گیا ہے۔
سینٹ پیٹرز برگ میں ہوئے احتجاج کے موقع پر عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں، ماسکو میں بھی ایک ہزار سے زائد افراد نے حملے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے، پولیس نے ایک ہزرا 700 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔
روسی ٹینکوں کی کیف کی جانب پیش قدمی
خبر ایجنسی ذرائع کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف کی جانب بڑی تعداد میں روسی ٹینک بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔
یوکرینی فوج کی دارالحکومت سے متصل گاؤں ایوانکو میں روسی فوج سے شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
یوکرینی فوج نے گاؤں سے کیف کو ملانے والا پل دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
کیف میں روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف کے رہائشی علاقے میں میزائل داغے ہیں، جبکہ یوکرینی ایئر ڈیفنس نظام نے روسی فوج کے 2 مہلک تحفوں کو تباہ کر دیا اور روسی طیارہ بھی مار گرایا ہے۔
یوکرینی دارالحکومت کیف کے میئر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ روسی میزائل کا ملبہ رہائشی عمارت پر گرا جس سے آگ لگ گئی اور 3 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی حکام نے کیف میں روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اہلکار یوکرینی وزارت داخلہ نے بتایا کہ روسی طیارہ دارالحکومت کیف کے دارنتسکی ضلع پر مار گرایا ہے۔
کیف میں میزائل حملے کے بعد فضائی حملےکا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف کے بہت قریب پہنچ گئی
گزشتہ روز یوکرین پر حملہ کرنے والی روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف کے بہت قریب پہنچ گئی ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق بیلاروس کے راستے یوکرین میں داخل ہونے والی روسی فوج یوکرینی دارالحکومت کیف سے 20 میل کے فاصلے تک پہنچ گئی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے دوسرے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں صبح دو دھماکوں کی آواز بھی سنی گئی۔
دوسری جانب امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس اتوار تک یوکرینی دارالحکومت پر مکمل قبضہ کرکے حکومت ختم کر دے گا۔
مختلف شہروں پر بمباری کے بعد روس کے ہزاروں فوجیوں نے کیف کا زمینی محاصرہ کرلیا، چرنوبل ایٹمی پاور پلانٹ پر بھی قبضہ کرلیا گیا ہے۔
یوکرین نے حملوں میں 137شہری ہلاک اور ڈیڑھ سوزخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ عالمی برادری نے انہیں روس سے لڑنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا ہے۔
روسی حملے روکنے کے لیے فرانسیسی صدر میکرون کا روسی ہم منصب کو ٹیلی فون بھی بےکار گیا، صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کو تنازع سے دور رہنے کی تنبیہ بھی کردی۔
انہوں نے دھمکی دی کہ کسی نے روکا یا روس کے لیے خطرہ بنا تو ایسا جواب دیں گے جو پہلے کبھی نہ دیکھا ہوگا ۔
یوکرین نے 5 روسی ہیلی کاپٹر تباہ کرنے،50 فوجی ہلاک اور 80گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،روس کا فوجی کارگو طیارہ گِر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں اس میں موجود عملہ ہلاک ہوگیا۔