• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: پاکستانی سفیر کیجانب سے 14ویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر جناب ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے 14ویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اپنی گفتگو کے دوران سفیرِ پاکستان نے کمیونٹی کو موثر کونسلر خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف (COAS) کے دورے سمیت برسلز میں حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان دوروں نے بیلجیئم، یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ میزبان حکام نے افغانستان سے انخلاء کی کارروائیوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے سفارتخانے کی جانب سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کی وضاحت کی جس میں اہم اداروں، بااثر رائے سازوں اور میڈیا کے ساتھ مصروفیات شامل ہیں تاکہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

سفیر پاکستان نے 24 فروری 2022 سے ملک میں آنے والے مسافروں کے لیے حکومت کی نظرثانی شدہ پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر مکمل طور پر ویکسین لگوا کر جانے والے مسافروں کے لیے پری بورڈنگ منفی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کے خاتمے اور 12 سے 18 سال کے درمیان کے مسافروں کے لیے لازمی ویکسینیشن سے 31 مارچ 2022تک چھوٹ کے اقدامات پر مزید اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کمیونٹی ممبران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں ۔

سفیرِ پاکستان نے اعلان کیا کہ مقامی حکام کی جانب سے کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی تقریب چانسری میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کمیونٹی کے افراد کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔

آن لائن کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کمیونٹی ممبران نے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید