وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بڑی سیاسی بیٹھک کا امکان سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے قائدین میں اہم سیاسی بیٹھک پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی رواں ہفتے لاہور میں ملاقات کا امکان ہے۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بنائی گئی اپوزیشن کی کمیٹی اس ہفتے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ،جس کی سفارشات کی روشنی میں تینوں قائدین آئندہ کی حکمت عملی پر غور کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم سیاسی ملاقات میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں بننے والی مخلوط یا ایک پارٹی حکومت کے دوران معیشت پر مشترکہ قومی اتفاق رائے پر بات ہوگی۔