• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور آسٹریلیا کے ٹیسٹ اسکواڈز کا مشترکہ پریکٹس سیشن

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے ٹیسٹ اسکواڈز کے کھلاڑیوں نے مشترکہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

پاکستانی قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے تیسرا جبکہ مہمان ٹیم نے اپنے پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔

دونوں ٹیموں نے الگ الگ نیٹس میں بولنگ اور بیٹنگ کی جبکہ فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں بھی کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا دورہ پنڈی اسٹیڈیم

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میڈیا باکس سے دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن بھی دیکھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ تاریخی سیریز کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑی کے اہلِ خانہ کو دھمکی آمیز پیغامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، آسٹریلیا کے دورہ پاکستان سے خوش نہیں۔

انہوں نے کیوی ٹیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ بھارتی سازش کا شکار ہوگئی، آسٹریلیا کے دورے کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

دوسری جانب شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ این سی او سی نے پی سی بی کو 100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

دورہ آسٹریلیا کا شیڈول

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا ہے جہاں وہ 3 ٹیسٹ میچز، 3 ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی میں اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 

اس کے بعد دونوں ٹیمیں 50 اوور کے فارمیٹ میں مدِمقابل آئیں گی، سیریز کے تینوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 29، 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

آسٹریلوی ٹیم دورہ پاکستان میں صرف ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جو 5 اپریل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ

خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئیں تھیں جہاں آسٹریلوی ٹیم نے گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید