اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے یوکرین پر روسی حملے کے دوران مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہے۔
یوکرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک کمیشن آف انکوائری بھی قائم کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی 47 رکنی انسانی حقوق کونسل کے 32 ارکان نے یوکرین کی طرف سے لائی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
روس اور اریٹیریا نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ 13 ملکوں نے ووٹ نہیں دیا۔ یوکرینی مندوب نے کہا کہ روس کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
اس موقع پر روسی مندوب کا کہنا تھا کہ قرارداد کے حامی یوکرین کے کسی بھی واقعے کیلئے روس کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے کوئی بھی ذریعہ استعمال کریں گے۔