• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبی :جیل روڈ پر خود کش دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 28 زخمی

بلوچستان کے ضلع سبی کے جیل روڈ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

امدادی اداروں کے رضا کار بھی جائے دھماکا پہنچ گئے جنہوں نے علاقے میں امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سبی ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

سبی ڈسٹرکٹ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی لاشیں اور 28 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

’’خود کش بمبار کے اعضاء قبضے میں لے لیے‘‘

ایس ایس پی جواد کے مطابق جیل روڈ کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جائے دھماکا سے خود کش بمبار کے اعضاء قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

صوبائی وزیر احسان شاہ نے بتایا ہے کہ سبی میں ہونے والے دھماکے کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی سبی بم دھماکے کی مذمت

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔

کوئٹہ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کی۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ محنت کشوں کے روزگار کے خلاف سازش ہے، ترقیاتی عمل کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے یہ بھی کہا کہ عوام کے تعاون سے صوبے کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید