نوجوان پاکستانی کھلاڑی احسن رمضان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کے تجربہ کار عامر سرکوش کو سخت مقابلے کے بعد 5-6 سے شکست دیکر آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔
دوحا، قطر میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں ٹین ایجر احسن رمضان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی دو فریم جیت کر اپنی برتری قائم کردی لیکن اس کے بعد عامر سرکوش چار فریم جیت کر اپنی برتری 2-4 کردی لیکن اس کے باوجود احسن نے مکمل اسٹک ورک اور مہارت کا مظاہرہ کیا اورفائٹ بیک کرتے ہوئے نہ صرف ان کی برتری کو برابر کیا بلکہ اپنی برتری مستحکم کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔
چیمپئن شپ کا فائنل ساڑھے پانچ گھنٹے جاری رہا جس میں احسن رمصان نے پہلا فریم جیت کر برتری حاصل کی اور پھر آخری دو فریم جیت کر مقابلے میں فتح حاصل کی۔
احسن ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں ان سے قبل محمد آصف نے دو بار اور محمد یوسف نے ایک بار ورلڈ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔
محمد آصف جو اس چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کررہے تھے، احسن نے انہیں سیمی فائنل میں شکست دیکر ایونٹ سے آؤٹ کیا تھا۔