• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر مہم، شعیب ملک ثنا جاوید کے حق میں سامنے آگئے

پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ کرکٹر شعیب ملک نے ثنا جاوید کے حق میں بیان دے دیا۔ 

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میں ثنا جاوید کو طویل عرصے سے جانتا ہوں، جبکہ متعدد مرتبہ ان کے ساتھ کام کرنے کا بھی موقع ملا۔ 

انہوں نے کہا کہ میرے ذاتی تجربے کی روشنی میں میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ ہمیشہ مہربان اور شائستہ مزاج رہیں۔

شعیب ملک نے یہ بھی تحریر کیا کہ ثنا جاوید کا صرف ان ہی کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے ارد گرد تمام لوگوں کے ساتھ ایسا ہی رویہ تھا۔ 

خیال رہے کہ پاکستانی فلم و ڈراما اداکارہ ثناء جاوید کے رویے کو انڈسٹری کی دیگر شخصیات کی جانب سے نامناسب کہا جانے لگا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر دیگر فنکاروں کی جانب سے کی جانے والی متعدد پوسٹس بھی وائرل ہوئیں۔ 

ماڈل فریحہ شیخ نے ثناء جاوید کے خلاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 4 صفحات پر مشتمل ایک طویل نوٹ لکھا جس کے بعد ثناء کے منفی رویے کے خلاف پوسٹس کی قطاریں لگ گئیں۔

فریحہ شیخ نے اپنی پوسٹ میں ثناء جاوید کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ اکیلی ثناء جاوید کے خراب رویے کا شکار نہیں ہوئیں بلکہ اُن کے جیسے اور بھی بہت سے لوگ ہیں۔‘

فریحہ شیخ نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ثناء جاوید اپنے سامنے کسی اور فنکار کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرتیں اور اُنہیں خصوصی پروٹوکول کی ضرورت ہوتی ہے، وہ دوسروں کو حقارت کی نظر سے دیکھتی ہیں۔

میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی خود کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق بتایا ہے کہ ’ثناء جاوید نے انہیں نکاح میک اپ کے ٹرائل کے لیے اپنے گھر بلایا تھا اور اُن کے میک اپ کی بد تعریفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں میک ہی نہیں کرنا آتا ہے، ثناجاوید نے اُنہیں 4 گھنٹوں تک اپنے گھر کا باتھ روم بھی استعمال کرنے سے روکے رکھا، مجبوراً انہوں نے گھر سے باہر قریبی ریسٹورانٹ میں جا کر باتھ روم کا استعمال کیا تھا۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایسی ہی ایک اور شکایت پاکستان کی خوبرو ماڈل منال سلیم کی جانب سے بھی کی گئی تھی، انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر لکھا تھا کہ ثناء جاوید نے انہیں اُن کے منہ پر ’دو ٹکے کی ماڈل‘ کہا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید