• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثنا جاوید کی حمایت میں بھی شوبز شخصیات سامنے آگئیں

کراچی (این این آئی)اداکارہ ثنا جاوید کیخلاف چند دن سے ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ، اسٹائلسٹس اور اداکارائیں نامناسب رویئے کے الزامات لگاتی دکھائی دیتی ہیں اور اداکارہ نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ ثناء جاوید کیخلاف ابتدائی طور پر منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر اور ریان تھومس نے نامناسب رویئے کے الزامات لگاتے ہوئے انہیں بد اخلاق اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا تھا۔بعد ازاں میک اپ آرٹسٹ واجد خان، ماڈل ماہ نور شیخ، اداکارہ رابعہ کلثوم، فوٹوگرافر سونیا مشال اور اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی ثنا جاویود پر نامناسب رویئے کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں دوسروں کو کم اہم سمجھنے والی خاتون قرار دیا تھا۔تاہم اب بعض شوبز شخصیات اور صحافیوں نے ثنا جاوید کی حمایت کرتے ہوئے اپنا تجربہ شیئر کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اداکارہ کو بدتمیز نہیں پایا۔ہدایت کار اور فلم ساز ندیم بیگ نے انسٹاگرام پر ثنا جاوید کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اداکارہ کے ساتھ کام کیا ہے اور انہوں نے کبھی بھی انہیں ایسی بدتمیزی کرتے ہوئے نہیں پایا بلکہ انہیں ہمیشہ بااخلاق اداکارہ کے طور پر پایا۔ندیم بیگ نے مزید لکھا کہ وہ جلد ہی ثنا جاوید کے ساتھ مزید منصوبوں پر کام کرنے کیلئے پر امید ہیں۔اداکار و میزبان فہد مصطفی نے بھی ثنا جاوید کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور لکھا کہ انہوں نے ثنا جاوید کے ساتھ متعدد منصوبوں میں ایک ساتھ کام کیا اور اداکارہ ان کے ساتھ شو میں گزشتہ دو سال سے بھی کام کر رہی ہیں اور انہوں نے کبھی بھی انہیں غیر پیشہ ورانہ نہیں پایا۔فہد مصطفی نے لکھا کہ نہ صرف انہوں نے بلکہ ان کی ٹیم کے دیگر ارکان نے بھی ثنا جاوید کو بہترین شخصیت کے طور پر جانا، ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔اداکارہ سعدیہ فیصل نے بھی ثنا جاوید کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں باہمت رہنے کا مشورہ بھی دیا۔سعدیہ فیصل نے لکھاکہ انہوں نے ثنا جاوید کے ساتھ بہت کام کیا اور ان کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔شوبز انڈسٹری کی دیگر شخصیات جن میں وقاص رضوی اور راسخ اسماعیل خان سمیت دیگر افراد شامل ہیں، انہوں نے بھی ثنا خان کے ساتھ اپنے کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں۔

دل لگی سے مزید