• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شین وارن مزید 30 سال زندہ رہنا چاہتے تھے، کاؤنسلر کا انکشاف

آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن مزید 30 سال زندہ رہنا چاہتے تھے، اپنی موت سے قبل وہ بہت خوش تھے اور مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے، تاہم اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث 4 مارچ کو وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

ہر انسان کی طرح شین وارن بھی لمبی عمر کے خواہشمند تھے، اس کے بارے میں ان کی 47 سالہ کاؤنسلر لیانی یانگ نے دلچسپ انکشاف کیا ہے۔ 

 برطانوی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق لیانی یانگ کا کہنا تھا کہ موت سے قبل انہیں اپنی صحت سے متعلق کوئی پریشانی نہیں تھی، جبکہ وہ جلد ہی کسی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

شین وارن کی کاؤنسلر نے انہیں  2015 میں مشورہ دیا تھا کہ وہ کسی کے ساتھ منسلک ہوجائیں، جبکہ لیگ اسپنر نے اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا بھی شروع کردیا تھا۔

لیانی یانگ نے دعویٰ کیا کہ شین وارن کا خیال تھا کہ ان کے پاس زندگی گزارنے کے لیے ابھی مزید کئی دہائیاں باقی ہیں اور اس دوران وہ کسی کے ساتھ رشتہ قائم کرکے اپنی زندگی سکون سے گزارنا چاہتے ہیں، موت سے پہلے شین وارن نے جب ان سے بات کی تھی تو اس وقت وہ کافی خوش نظر آرہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا اور شین وارن اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور ایک خاتون کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک بھی ہونا چاہتے تھے، مگر افسوس زندگی ان کے ساتھ وفا نہ کرسکی اور وہ 4 مارچ 2022  کو یہ دنیا چھوڑگئے۔

خیال رہے کہ شین وارن نے سال 1995 میں سیمون سے شادی کی تھی، اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔

موت سے چند گھنٹے قبل لی گئی شین وارن کی آخری تصویر / فوٹو بشکریہ / ڈیلی میل
موت سے چند گھنٹے قبل لی گئی شین وارن کی آخری تصویر / فوٹو بشکریہ / ڈیلی میل 

سال 2005 میں طلاق کے بعد، ان کی مختصر مدت کے لیے ایک بار پھر صلح ہوگئی تھی لیکن 2010 میں وہ دوبارہ الگ ہوگئے تھے۔

دل کا دورہ پڑنے کے باعث تھائی لینڈ کے ولا میں شین وارن 52 سال کی عمر میں چل بسے تھے، ان کا شمار دنیائے کرکٹ  کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔

ترجمان شین وارن کا کہنا تھا کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے ، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم  نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 708 وکٹیں لیں، شین وارن نے 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید