• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی اسٹیڈیم میں بچوں کا شین وارن کو خراج تحسین، آسٹریلوی عہدیدار کی تعریف

کرکٹ کے شوقین پاکستانی بچوں نے دنیائے کرکٹ کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کی موت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے، جس پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کے سی ای او نے بچوں کی تعریف کی ہے۔

راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے ٹیسٹ میچ کے دوران بچے آنجہانی  بولر  شین وارن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اپنے ساتھ  پلے کارڈز لائے تھے جن پر اسپنر کے لیے تعریفی کلمات درج تھے۔

آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹوڈ گرین برگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بچوں کی تصاویر شیئر کی ہیں، جس میں وہ شین وارن کو یاد کرنے کے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں۔

بچوں نے اپنے کارڈز پر لکھا کہ شین وارن کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

اپنی پوسٹ میں سی ای او آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی میں شین وارن کے لیے بچوں کے جذبات کی تعریف کی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے لیجنڈ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں گذشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے، ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔

شین وارن نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 1992 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا تھا، اُنہوں نے آخری ٹیسٹ 2007 میں سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا، 15 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں شین وارن نے 145 میچز کھیلے، 708 وکٹیں 25 اعشاریہ 41 کی اوسط سے حاصل کیں۔

ایک روزہ کیریئر میں اُنہوں نے 194 میچز کھیلے اور 293 وکٹیں حاصل کیں، میچ میں اُن کی بہترین بولنگ 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں تھیں، ون ڈے انٹرنیشنل میں اُنہوں نے 1018 رنز اسکور کیے، اس فارمیٹ میں وہ ایک نصف سنچری بھی بنانے میں کامیاب رہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید