آسٹریلیا کے لیجنڈ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔
ترجمان شین وارن کا کہنا ہے کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شین وارن کو میڈیکل ٹیم نے بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پر تعیش زندگی گزارنے والے 50 ملین ڈالر کے مالک تھے، وہ اپنی لگژری لائف کو خوب انجوائے کرتے تھے۔
شین وارن سابق آسٹریلوی کھلاڑی ہونے کے ناطے اب بھی مختلف ذرائع سے دولت کمانے میں مصروف تھے، ان کی آمدنی کا ذریعہ مختلف برانڈز کی اسپانسرشپ، کاروبار اور انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم راجستھان رائلز کی اونرشپ بھی تھی۔
شین وارن نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 1992 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا تھا، اُنہوں نے آخری ٹیسٹ 2007 میں سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا، 15 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں شین وارن نے 145 میچز کھیلے، 708 وکٹیں 25 اعشاریہ 41 کی اوسط سے حاصل کیں۔
ایک روزہ کیریئر میں اُنہوں نے 194 میچز کھیلے اور 293 وکٹیں حاصل کیں، میچ میں اُن کی بہترین بولنگ 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں تھیں، ون ڈے انٹرنیشنل میں اُنہوں نے 1018 رنز اسکور کیے، اس فارمیٹ میں وہ ایک نصف سنچری بھی بنانے میں کامیاب رہے۔