• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت و اپوزیشن فوری جلسے منسوخ کریں: چوہدری شجاعت

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ جن جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے، ملکی مفادمیں ان کی فوراً منسوخی کا اعلان کریں۔

جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبرز کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے، حکومت بھی اپوزیشن کے مقابلے میں جلسےکرنے لگ گئی ہے، یہ حکومت کا کام نہیں ہے۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ سیاسی مقابلہ ملک میں سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتا ہے، جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنوں کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ آئین و جمہوریت کی پاسداری کے لیے ہار جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اورجمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کوترجیح دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید