سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب صرف خالی کرسیوں سے خطاب کرتی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بختاور بھٹو نے کہا کہ لوگ خریدے نہیں جارہے بلکہ وہ اب پی ٹی آئی کی مہنگائی اور بدعنوانی کو اپنے حلقوں کے لیے جواز نہیں بنا سکتے۔‘
بختاور بھٹو زرداری نے موجودہ حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’پروپیگنڈہ چھوڑ دو۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کے لوگ اب تھک چکے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو ہٹایا جائے اور احتساب کیا جائے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے اینکر حامد میر نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود تحریک انصاف کے باغی ارکان قومی اسمبلی سے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر 9 ارکان راجا ریاض ، نور عالم خان ، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر، رمیش کمار ، باسط سلطان ، نواب شیر وسیر ، ریاض مزاری اور رانا قاسم نون وہاں موجود تھے جبکہ محمد حسین ڈیہڑ پارلیمنٹ لاجز میں تھے۔
سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین سامنے آنے کے بعد حکومتی ترجمان آپے سے باہر ہوگئے تھے۔
حکومتی ترجمانوں شہباز گل اور عالیہ حمزہ ملک کی طرف سے نیشنل ٹی وی چینلز پر منحرف اراکین کیلئے غلیظ الفاظ کااستعمال کیا گیا۔