اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نےکہا ہے کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے سے حکومت کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ مضبوط اپوزیشن ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہوتی ہے‘آصف زرداری پارٹی پالیسی سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں کرینگے‘چوہدری نثاربتائیں ملامنصورکو شناختی کارڈاورپاسپورٹ کیسے جاری ہوا۔منگل کو ایک بیان میں خورشیدشاہ نے کہاکہ اپوزیشن کو کمزورکرنے سے حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا‘پاناما ایشو پر اگر ایک ممبر بھی کھڑا رہا تو پاناما لیکس والوں کو اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا‘وزیر اعظم چونکہ سربراہِ حکومت ہیں اس لئے ان کے خاندان سے متعلق جلد از جلد معاملہ نمٹایا جائے‘ آج جب وزیر اعظم اپنے بیرونی دوروں میں وہاں مقیم پاکستانیوں سے یہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تو ان کی یہ بات اخلاقی جواز سے خالی اور بے معنی معلوم ہوتی ہے ۔دریں اثناءمنگل کو اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی پاناما لیکس پر کسی قسم کی ساز باز ملک کیلئے بڑی بدقسمتی ہو گی‘ فضل الرحمان، آصف زرداری کے دیرینہ دوست ہیں ‘امید سابق صدر پارٹی اور چیئرمین کے موقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں کرینگے،چوہدری نثار یہ بتائیں ملا منصور کو ولی محمد کے نام سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیسے جاری ہوا؟۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حدود میں ڈرون حملہ ملکی سلامتی کے خلاف ہے، وزیر اعظم نوازشریف کو بھی چاہئے کہ وہ وزارت خارجہ کا قلمدان چھوڑ کر مستقل وزیرخارجہ تعینات کریں‘فضل الرحمان آصف زرداری کے پرانے اور دیرینہ دوست ہیں اور لندن میں دونوں رہنماؤںکی ملاقات میں پاناما لیکس کے معاملے پر ضرور بات چیت ہوئی ہوگی لیکن وزیراعظم نوازشریف اور آصف زرداری کی ملاقات کے حوالے سے پارٹی میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی‘ ہم آصف زرداری سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ پارٹی اور پارٹی کے چیئرمین کے موقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے‘پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس اور کرپشن کا معاملہ پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔