مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن حیران کن نمبر سامنے آئیں گے۔
آصف علی زرداری، اختر مینگل، عبدالغفور حیدری، اسلم بھوتانی اور بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سردار ایاز صادق نے آزاد ایم این اے اسلم بھوتانی کو ویلکم کہا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں لوگ کیوں آرہے ہیں؟ بڑی وجہ کیا ہے؟ شاہ زین بگٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور اب بھوتانی صاحب ہمارا حصہ بن گئے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران بھی ہمارے ساتھ آرہے ہیں، دراصل حکومت کا اتحادیوں کے ساتھ رویہ اچھا نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف ارکان کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، عمران خان ملک کا نہیں اپنی سیاست اور اقتدار کا سوچتے ہیں۔