• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی پر خودکش حملے کی دھمکی کیس: 5 ملزمان کو سزائے موت

انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاست کےخلاف جنگ اور  سندھ اسمبلی پر خود کش حملے کی دھمکی کے کیس میں 5 ملزمان کو سزائے موت سنادی۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 5 ملزمان کو سزائے موت سنائی۔

سزا پانے والے ملزمان میں زاہد اللّٰہ عرف سلیمان، بسم اللّٰہ عرف حاجی لالہ، محمد قاسم، انعام اللّٰہ اور گل محمد شامل ہیں۔

عدالت  نے زاہد اللّٰہ اور حاجی لالہ کو 10،10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں بھی تمام ملزمان کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

پولیس مقابلے، اقدام قتل کے الزام میں ملزمان کو مجموعی طور 13، 13 سال کی سزا سنائی گئی۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد اللّٰہ کو رکشے کے ذریعے سندھ اسمبلی میں خود کش حملہ کرنا تھا، ملزم زاہد اللّٰہ یہ سب کچھ بسم اللّٰہ کے کہنے پر کر رہا تھا۔

عدالت کے مطابق بسم اللّٰہ پہلے افغان انیٹلی جنس، پھر بھارتی خفیہ ایجنسی را  کے لیے کام کر رہا تھا، ملزم زاہد اللّٰہ نے دوران اجلاس سندھ اسمبلی کو نشانہ بنانے کے لیے ٹیم تشکیل دی۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ملزمان کا یہ جرم ریاست پاکستان کے خلاف سازش، جنگ کرنے کے مترادف ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی ٹی ڈی نے جنوری 2021 میں شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا، ملزمان  کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید