لاہور میں پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں ن لیگی نائب صدر اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کے حق میں قرار داد پاس ہونے پر مریم نواز کے آبدیدہ ہونے پر شہباز گِل نے ردعمل دیا ہے۔
انہوں نے حنا پرویز بٹ کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پر ردعمل میں کہا کہ ’رو لیں رو لیں ابھی تو بہت رونا باقی ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ’یہ خاندان بھی کیا سرکس ہے۔ باپ اسلام آباد کے ہوٹل سارا دن اچکن پہن کر بیٹھا رہتا ہے اور بیٹا اب فلیٹیز ہوٹل میں وزیراعلی کی واسکٹ پہن کر بیٹھا ہے۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن کے تحت پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس ہوا، جس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کی قرار داد پیش کی گئی۔
لاہور کے ہوٹل میں ہونے والے اجلاس میں 199 ارکان پنجاب اسمبلی نے قرار داد کی حمایت کی، اس موقع پر مریم نواز نے اپنے بھائی حمزہ شہباز کو مبارک باد دی، وہ اس دوران آبدیدہ ہوگئیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ فتح کے آنسو ہیں، یہ خوشی کے آنسو ہیں، بہت جلد میاں نواز شریف پاکستان آرہے ہیں، اللہ پاک میری والدہ کےد رجات بلند کرے، آمین۔