• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا عمران خان کو بھارت منتقل ہونے کا مشورہ

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو بھارت منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئی اس اقتدار کو جاتا دیکھ کر پاگل ہو جانے والے شخص کو بتائے کہ اس کو کسی اور نے نہیں، اس کی اپنی جماعت نے باہر نکالا ہے۔

 مریم نواز نے کہا کہ  بھارت اگر اتنا پسند ہے تو وہیں شفٹ ہو جائیے اور پاکستان کی جان چھوڑییے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اقتدار کے لیے اس طرح کسی کو روتے پہلی بار دیکھا ہے۔ رو رہا ہے کہ میرے لیے کوئی نہیں نکلا۔

مریم نواز نے کہا کہ او بھائی آنکھیں کھول کے دیکھو، غریب عوام کو ان ساڑھے تین سالوں میں جس طرح تم نے رُلایا ہے، تل تل کر کے مارا ہے، وہ شکرانے کے نفل پڑھ رہے ہیں کہ تم جیسے سے جان چھوٹی! جاتے جاتے آئین بھی توڑ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس بھارت کے قصیدے پڑھ رہے ہیں وہاں مختلف وزرائے اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی 27 تحریکیں آئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کسی ایک نے بھی آئین، جمہوریت اور اخلاقیات سے یہ کھلواڑ نہیں کیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ واجپائی ایک ووٹ سے ہارا، گھر چلا گیا، آپ کی طرح ملک، آئین اور قوم کو یرغمال نہیں بنایا۔

قومی خبریں سے مزید