وزیراعظم عمران خان، ان کی کابینہ، مشیروں اور معاونین خصوصی کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔
کابینہ ڈویژن نے ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، ڈی نوٹیفائی ہونے والے وزراء کی تعداد 25 ہے۔
فارغ ہونے والوں میں 4 وزرائے مملکت 4 مشیر بھی شامل ہیں، جبکہ معاونین خصوصی کی تعداد 19 ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون سے مشاورت کے بعد جاری کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صدارت میں بنی گالا میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، کور کمیٹی نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ اسمبلی سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ استعفے ہم قومی اسمبلی سے شروع کر رہے ہیں، شہباز شریف کے کاغذات پر اعتراض نہیں مانے جاتے تو کل ہی استعفیٰ دے دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج رات کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے، زیادہ تر استعفیٰ وزیراعظم کو دے چکے ہیں۔