سکھر(بیور ورپورٹ) سندھ ار یگیشن متحدہ فیڈریشن کی جانب سے سکھر بیراج کے نزدیک دوسرے روز بھی احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال جاری رہی، محکمہ آبپاشی کے ملازمین نے دفتر کی تالابندی کر کے بیراج سے نکلنے والی نہروں کی پیمائش بند کردی، مظاہرین کے احتجاجی دھرنے اور علامتی بھوک ہڑتال کے باعث دو روز سے سکھر بیراج پر ٹریفک کا نظام معطل تھا جس پر شہبا ز رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل الیاس یعقوب اور ایس ایس پی سکھر امجداحمد شیخ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں دھرنا ختم کرنے کے لئے کہا گیا، انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ سکھر بیراج حساس تنصیبات ہے جہاں احتجاج کرنا کسی بھی طرح درست نہیں ، احتجاج کو فوری طور پر ختم کیا جائے، جس پر مظاہرین نے بتایا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے لئے گزشتہ کئی ماہ سے سراپا احتجاج ہیں لیکن محکمہ آبپاشی کے افسران ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کررہے، ہم کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ہمارے مسائل سنیں اور انہیں حل کرائیں، رینجرز اور پولیس کے افسران نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ کمشنر سکھر سے ملازمین کے وفد کی ملاقات کرائی جائے گی جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ ختم کردیا اور پر امن طور پر منتشر ہوگئے جس کے بعد سکھر بیراج پر ٹریفک کی روانی شروع ہوگئی۔