• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: شوہر کی تیمارداری کیلئے نائب وزیراعظم کی چھٹی کی درخواست

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمس نے اپنے کینسر میں مبتلا شوہر کی تیمار داری کے لیے چھٹی کی درخواست کردی۔

اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آج انہوں نے ایک درد بھری پریس ریلیز جاری کی اور اس میں اپنی غیر حاضری یا کام سے چھٹی کی وجوہات بتائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کو برین کینسر ہے جو اب شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید تحریر کیا کہ زندگی بد قسمتی سے بہت سے دردناک موڑ لے لیتی ہے۔ آج بیماری اچانک ہمارے گھر میں داخل ہوگئی ہے خصوصی طور پر میرے شوہر کے لیے جو دوسرے بے شمار مردوں، عورتوں اور بچوں ہی کی طرح ایگریسیو برین کینسر سے جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ایک وزیر کے طور پر میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے ملک کیلئے ہر وقت دستیاب رہوں۔

نائب وزیراعظم نے تحریر کیا کہ دوسری جانب اس مشکل وقت میں میرے شوہر اور بچوں کو بھی میری اسی طرح ضرورت ہے جیسے میرے شوہر ہمیشہ ہمارے لیے موجود رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم اور اپنی پارٹی سے مشورے کے بعد اعلان کیا کہ وہ بنا تنخواہ کے اپنے منصب سے چھٹی لے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ صوفی ولمس 20-2019 میں ملک کی وزیراعظم بھی رہ چکی ہیں جبکہ اس وقت وہ ایک اتحادی حکومت میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعظم الیگزینڈر دی کرو نے ان کی بلا تنخواہ کام سے علیحدگی کی اجازت دیتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں دو دیگر وزراء ان کا کام دیکھ لیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید