• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں ایک بار پھر دھری کی دھری رہ گئیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں ایک بار پھر دھری کی دھری رہ گئیں۔

چیئرمین سینیٹ کو لینے کے لیے پنجاب حکومت کا طیارہ صبح 10 بجے سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود ہے تاہم چیئرمین سینیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک ایوان صدر سے حلف لینے کا اجازت نامہ موصول نہیں ہوسکا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ایک بار پھر نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں دھری رہ گئیں۔

وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے درمیان خط و کتابت کے بعد آج سہہ پہر 4 بجے تقریب ہونا تھی، حمزہ شہباز سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف لینا تھا۔

پنجاب حکومت کا طیارہ انہیں لینے کے لیے صبح 10 بجے سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود ہے تاہم چیئرمین سینیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک ایوان صدر سے حلف لینے کا اجازت نامہ موصول نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے وہ لاہور نہیں آ سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایوان صدر کو لاہور ہائی کورٹ کا حکم موصول ہوا تھا جس کے بعد ایوان صدر نے وزیراعظم ہاؤس سے رائے مانگی تھی، وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینیٹ سے وزیراعلیٰ کا حلف دلوانے کا مشورہ دیا تھا۔

دوسری جانب 23 دن سے عملاً پنجاب کسی بھی حکومت کے بغیر چل رہا ہے، یکم اپریل کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا گیا تھا جبکہ 16 اپریل کو وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا تھا، جس میں حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

قومی خبریں سے مزید