• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد نبویؐ واقعے پر شاہد آفریدی اور محمد یوسف کا ردّعمل

مسجد نبوی ﷺ میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر قومی سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور محمد یوسف کی جانب سے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ روضہ رسول ﷺ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے، ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لیےحرم کی حرمت تک بھول گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہوگئے، نعرے لگانے والوں کی پہچان تو ہوجائے گی لیکن پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ 

دوسری جانب سابق کرکٹر محمد یوسف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے تو کبھی مکہ مدینہ نہیں دیکھا تھا، مسلمان ہونے کے بعدپہلی دفعہ گیا تو خانہ کعبہ کو دیکھ کر چیخ نکل گئی تھی۔

محمد یوسف نے یہ بھی کہا کہ روضہ رسولﷺ پر گیا تو آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے تھے، یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج روضہ رسول ﷺ پر جو کچھ ہوا وہ دیکھ کر اے اللّہ میں پوری امت کی طرف سے تجھ سے معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہے کہ سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی تقدس کی پامالی کردی گئی، مسجد نبویؐ کی زیارت کے موقع پر بعض افراد کابینہ اراکین کیخلاف نعرے بازی پر اتر آئے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید