• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاسم سوری نے تھانہ کوہسار میں اندراجِ مقدمہ کی درخواست دیدی

قانونی چارہ جوئی کر کے انصاف دلایا جائے، قاسم سوری
 قانونی چارہ جوئی کر کے انصاف دلایا جائے، قاسم سوری

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اندراجِ مقدمہ کی درخواست دے دی۔

قاسم سوری کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آج دوستوں کے ساتھ کوہسار مارکیٹ سحری کے لیے گیا تھا، رات 12 بج کر 50 منٹ پر 15، 20 لوگ وہاں آ گئے اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے لگانے لگے۔

درخواست میں سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا ہے کہ میں ان لوگوں کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہوں، وہ لوگ جان سے مار دینے کی نیت سے ہم پر ڈنڈوں سے حملہ آور ہوئے۔

قاسم سوری کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں نے بیچ بچاؤ کرا کے ہماری جان بخشی کروائی، جس کے بعد حملہ آور للکارتے ہوئے 3 بڑی گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پولیس سے استدعا کی ہے کہ قانونی چارہ جوئی کر کے انصاف دلایا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری ہوٹل پر بیٹھے تھے جہاں واقعہ پیش آیا، نعرے لگانے والوں کی قاسم سوری سے ہاتھا پائی ہوئی۔

قومی خبریں سے مزید