• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیقہ کیانی کا اپنا گانا چرانے پر کانیکا کپور پر برہمی کا اظہار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے مقبول ترین گانے ’بوہے باریاں‘ کو کاپی کرنے پر بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دھن اور شاعری کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا گیا۔حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں حال ہی میں کانیکا کپور کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانے ’بوہے باریاں‘ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ گلوکارہ سے قبل بھی متعدد بھارتی گلوکاروں نے ان کے گیت کی کاپی کی۔گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو ان کی اجازت کے بغیر اور انہیں کوئی معاوضہ دیے بغیر ہی شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کی ایک فلم میں بھی شامل کیا گیا جب کہ ان کے گانے کو متعدد بھارتی گلوکار بھی بغیر اجازت گا چکے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ بعض بھارتی گلوکاروں کی جانب سے گائے گئے ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو یوٹیوب پر 20 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے مگر انہیں کسی طرح کی کوئی رائلٹی نہیں دی گئی اور نہ ہی ان سے پیشگی اجازت لی گئی تھی۔حدیقہ کیانی نے لکھا کہ بھارتی گلوکاروں کی جانب سے ان کے مقبول ترین گیت کو کاپی کیے جانے اور اسے چوری گانے کے معاملے پر ان کے احتجاج کے بعد بعض لوگوں نے انہیں کریڈٹ دیا اور یوٹیوب پر لکھا کہ مذکورہ گانے کو پہلے حدیقہ کیانی نے گایا تھا۔انہوں نے اپنے مقبول ترین گانے کے حوالے سے بتایا کہ ’بوہے باریاں‘ کی شاعری ان کی والدہ نے لکھی تھی اور اسے کئی بھارتی گلوکاروں نے چوری کرکے پیسے کمائے۔ حدیقہ کیانی نے لکھا کہ بھارت کی جانب سے تاحال پاکستانی موسیقی کو چوری کرنے کا سلسلہ جوں کا توں جاری ہے۔خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ’بوہے باریاں‘ کو 1999 میں ریلیز کیا تھا، ان کا مذکورہ گانا ان کے البم ’روشنی‘ میں شامل تھا۔

دل لگی سے مزید