• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج سے تین ماہ پہلے جب لتا منگیشکر کی موت ہوئی تو پوری دنیا میں اُس کا غم منایا گیا، خاص طور سے برصغیرپاک و ہند میں تو ہر مکتب فکر کے لوگوںنے انہیں ہدیہ تبریک پیش کیا، دو ارب کی آبادی کے اِس خطے میں شاید ہی کوئی شخص ایسا ہوگاجس نے لتا جی کے فن کی تعریف نہ کی ہو۔ اُن کی وفات پر اخبارات میں سینکڑوں مضامین لکھے گئے اورٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر ہوئے۔اِس موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کو لتاکے یادگار گیت اور نغمے بھی بھیجے جبکہ کچھ دوستو ں نے لتا جی کے انٹرویو شیئر کیے ۔ ایسا ہی ایک انٹرویو مجھے کسی نے بھیجا، وہ انٹرویو آج بھی میرے موبائل فون میں محفوظ ہے، میں جب کسی وجہ سے مایوسی کا شکار ہوتا ہوں یا مجھ پرآزردگی کا دورہ پڑتا ہے تو میں وہ انٹرویو نکال کر دیکھتا ہوں جس کے بعد میری مایوسی ختم ہو جاتی ہے۔ اِس انٹرویو میں میزبان نے لتا جی سے سوال کیا کہ کیا آپ اگلے جنم میں بھی لتا منگیشکر ہی بننا چاہیں گی تو لتا جی نے جوجواب دیا وہ من و عن پیش ہے:’’ مجھے پہلے بھی کسی نے پوچھا تھا، تو وہی جواب میرے پاس ہےکہ، نہ ہی جنم ملے تو اچھا ہے، اگر واقعی جنم ملا مجھے، تو میں لتا منگیشکر بننا نہیں چاہوں گی، نہیں، کیونکہ لتا منگیشکر کی جو تکلیفیں ہیں وہ اُس کو ہی پتا ہیں۔ ‘‘بظاہر اِس جواب میں مایوسی بھری ہے مگر حقیقت اِس کے برعکس ہے۔ لتا منگیشکر وہ عورت تھی جس نےتیرہ برس کی عمر سے گانا شروع کیا اور پھر اپنی موت تک کبھی زوال نہیں دیکھا، ہمیشہ عروج ہی پایا، بانوے برس کی بھرپور زندگی گزاری ، اور اِس زندگی میں انہیں دنیا جہان کے اعزازات اور تمغوں سے نوازا گیا۔ اُن کے ہم عصر گلوکاروں کی زندگی میں کچھ نشیب و فراز آئے مگر لتا منگیشکر کے حصے میں بظاہر کوئی ناکامی نہیں آئی، لتا جی کی آن بان آخری وقت تک قائم رہی۔ یہ سب عروج، کامیابی، دولت، شہرت اور عزت دیکھنے کے بعد اگر لتا منگیشکر کہے کہ میں اگلے جنم میں لتا نہیں بننا چاہوں گی تو پھر ہم اور آپ کس کھیت کی مولی ہیں !یہ وہ نکتہ ہے جہاں سے مایوسی اور آزردگی کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔مگر کیسے؟

ہم اگرایک منٹ کے لیے فرض کرلیں کہ خوشی کا پیمانہ کامیابی ہے اور کامیابی کا پیمانہ دولت ہے تو اِس دنیامیں دولت مند افراد کا تناسب نکال کر یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس قدر ’خوش ‘ہیں۔ 2020 کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ افراد کے پاس ایک ملین ڈالر یا اس سے زائد دولت ہے، یاد رہے کہ ایک ملین ڈالر وہ ’نشان‘ ہے جس تک پہنچنے کے بعد سمجھا جاتا ہے کہ بندہ اب ہر قسم کی معاشی فکر سے آزاد ہو جائے گا۔اِس کے بعد وہ لوگ آتے ہیں جن کے پاس ایک لاکھ ڈالر سے ایک ملین ڈالر تک کی رقم ہے، دنیا میں اِن کی تعداد نصف ارب سے کچھ زیادہ ہے، پھر دس ہزار سے ایک لاکھ ڈالر والی مڈل کلاس آتی ہے جو پوری دنیا میں پونے دو ارب کے قریب ہے اور آخر میں دس ہزار ڈالر سے کم اثاثے رکھنے والے غریب لوگ ہیں جو پونے تین ارب کی آبادی پر مشتمل ہے۔ دنیا کی نصف آبادی کو اصولاًخدا کاشکر اداکرنا چاہئے کہ وہ اُس نچلے نصف حصے میں شامل نہیں جس کے پاس دس ہزار ڈالر سے بھی کم سرمایہ ہے مگر شکر ادا کرنے کی بجائے یہ نسبتاً آسودہ حال لوگ زیادہ مضطرب رہتے ہیں۔ ملاحظہ ہو لتا منگیشکر کا انٹرویو۔ ہم نہیں جانتے کہ لتا جی نے اپنی زندگی کے حوالے سے یہ بات کیوں کی کہ وہ دوبارہ لتا کے روپ میں جنم نہیں لینا چاہیں گی مگر ایک بات طے ہے کہ دنیاوی دولت، عزت اور شہرت نے انہیں وہ خوشی نہیں دی جس کی وجہ سے وہ اسی زندگی کی دوبارہ تمنا کرتیں۔لارڈ رَسل پھر یاد آگئے۔ اپنی شہرہ آفاق کتاب The Conquest Of Happiness میں اِس آزردگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے رسل لکھتے ہیں کہ اکثر لوگوں کے لیے زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت نہیں ہوتی بلکہ وہ محض مزید کامیابی کی خواہش میں اسے ایک جدو جہد کا نام دے دیتے ہیں، ’’لوگوں کو اِس بات کا خوف نہیں ہوتا کہ انہیں اگلے دن کا کھانا نصیب ہوگا یا نہیں بلکہ انہیں یہ خوف دامن گیر رہتا ہے کہ وہ اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور ہمسایوں سے آگے نکل پائیں گے یا نہیں !‘‘ یہ بات کہہ کر رسل نے گویا دریا کو کوزے میں بند کردیا ہے۔ ہمارے ایک بزرگ اسی بات کو’’نناوے کا چکر ‘‘کہتے تھے۔ بندہ جب ایک مرتبہ اِس چکر میں پڑ جاتا ہے تو پھر اُس میں سے نکل نہیں پاتا، نناوے سے سو تک پہنچ بھی جائے تو پھر اگلے سو کی ’جدو جہد‘ شروع کر دیتا ہے اور وہیں سے اُس آزردگی کی شروعات ہوتی ہے جس سے نجات پانے کے لیے فلسفی کتابیں لکھتے ہیں اور موٹیویشنل اسپیکر تقریریں کرتے ہیں۔

لتا منگیشکر کا انٹرویو ایک قسم کا ’اینٹی ڈپریسنٹ ‘ ہے، اردو میں جسے ’ضد افسردگی‘ کہیں گے، اِس انٹرویو کو دیکھنے کے بعد میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اگر لتا منگیشکر جیسی کامیاب عورت کوزندگی میں طمانیت نہیں مل سکی تو پھر دنیا کےکسی انسان کونہیں مل سکتی۔ لتا منگیشکر نے اپنی آزردگی کا اعتراف کرکے دیانت داری کا ثبوت دیا جس کا کم از کم مجھے ضرور فائدہ ہوا ہے۔ مجھے زندگی میں جب بھی کوئی دھچکا لگتا ہے تو میں سوچتا ہوں کہ اگر زندگی اِس دھچکے کے بغیر بہترین انداز میں بھی گزر رہی ہوتی تو اُس صورت میں بھی اِس بات کی کوئی ضمانت نہیں تھی کہ میں مطمئن ہوتا، لہٰذا بہتری اسی میں ہے کہ چُپ چاپ خدا کا شکر ادا کیا جائے کہ ہم دنیا کی اُس آبادی میں شامل ہیں جسے با عزت زندگی گزارنے کے لیے زیادہ تردد نہیں کرنا پڑتا۔ اگر آپ کا گھر اپنا ہے اورآپ مناسب قسم کی گاڑی کے مالک ہیں، بچے معقول انداز میں پڑھ رہے ہیں، دوستوں کے ساتھ شام اچھی گزر جاتی ہے اور آپ کو یا اہل خانہ کو صحت کا کوئی خاص مسئلہ درپیش نہیں تو پھر سمجھیں کہ آپ اکیسویں صدی کی جنت میں رہتے ہیں۔ اور اگر آپ اِس طرز زندگی کو جنت نہیں سمجھتے تو میں کہوں گا کہ آپ لتا منگیشکر کا انٹرویو میری نظر سے دوبارہ دیکھیں، افاقہ ہوگا!

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس

ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین