• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین یونین کی مقبوضہ مغربی کنارے میں صحافی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کی شدید مذمت

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

یورپین یونین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الجزیرہ کی فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یورپین یونین شیریں کے قتل اور ایک اور صحافی علی الصمود کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ضروری ہے کہ ایک مکمل آزادانہ تحقیقات جلد از جلد ان واقعات کے تمام حالات کو واضح کرے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘

یورپین یونین نے کہا کہ صحافیوں کو اپنا کام کرتے ہوئے نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ تنازعات کے حالات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے تحفظ کو ہر وقت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اس اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یورپین یونین صحافیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ ان کے بنیادی کام کی حمایت جاری رکھے گی خاص طور پر جب وہ تنازعات کی کوریج کر رہے ہوں۔

خاص طور پر جب آزادی صحافت کے عالمی دن کے صرف چند روز ہی گزرے ہیں، یورپین یونین صحافیوں، میڈیا ورکرز اور آزاد اور خودمختار میڈیا کے اہم کردار کو یاد کرتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید