• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ادھر کی رہی نہ اُدھر کی رہی، عمران خان ہیرو بن گئے، شیخ رشید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نہ ادھر کی رہی نہ ہی اُدھر کی، عمران خان ہیرو بن گیا، یہ زیرو ہوگئے۔

پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ یہ فیل ہوگئے ہیں، حکومت سے کوئی چیز نہیں سنبھل رہی، یہ اب نواز شریف کو بلائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ بلائیں نگران وزیراعظم کا انتخاب کریں، 31 مئی تک نگراں حکومت بنالیں، ستمبر تک الیکشن ہوجانے چاہئيں۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک سری لنکا بن جائے گا، گرفتاریاں ہوئیں تو پی ٹی آئی نے حکمت عملی بنالی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللّٰہ ماڈل ٹاؤن خواتین کے قتل کا ذمہ دار ہے، 11 پارٹیوں کی سیاست دم توڑ گئی، ووٹ کو عزت دینے کا وقت چلا گیا، 25 کروڑ میں ووٹ بکے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کا باپ کون ہے؟ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کیسے چلی گئی، سب ہی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس ہر شعبہ کے 2، 2 وزراء ہیں، حالات ابتر، تشویشناک اور معیشت تباہی کا شکار ہے، 6 ارب ڈالر کم ہو گئے، زرمبادلہ سے مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ادارے ہمارے ہیں ان پر ناز ہے مگر ملک ڈوبتے نہیں دیکھ سکتے، الیکشن مزید تاخیر کا شکار ہوئے تو عمران کو مزید فائدہ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کل ہی فیصلہ کرنا ہے آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے، سعودی عرب سمیت کسی ملک سے ان کو کچھ نہیں ملا۔

قومی خبریں سے مزید