لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)لندن میں سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اداکار عدنان صدیقی نے ملاقات کی ۔ملاقات کے حوالے سے عدنان صدیقی کا کہنا تھاکہ لندن میں فلم کی تشہیر کر رہے ہیں اور سابق وزیراعظم کو فلم دیکھنے کی دعوت دینے آیا تھا۔ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف سے ملاقات بہت زبردست رہی اور انہوں نے ملاقات میں انڈسٹری کی بہتری کیلئے اقدامات کا بتایا۔عدنان صدیقی کا کہنا تھاکہ ملاقات میں فلم پالیسی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔عدنان صدیقی کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔وقار اشرف نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا کہ عدنان صدیقی نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی۔‘ٹوئٹ صارف امتیاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص صرف عدنان صدیقی کو تنگ کرنے کے لیے ’ڈاکٹر سٹرینج‘ دیکھے گا۔کچھ صارفین عدنان صدیقی اور نواز شریف کی حمایت میں بھی سامنے آئے۔سعد قیصر نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیاکہ’پاکستان کی مشہور شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود نواز شریف عدنان صدیقی سے مہربانی اور احترام سے ملے۔