• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، جنگل میں مبینہ آگ لگانے کا معاملہ، ٹک ٹاکرز پر مقدمہ درج

اسلام آباد میں ٹک ٹاکرز کی جانب سے جنگل میں مبینہ آگ لگانے کے معاملے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ملزمان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ نمبر 402 درج کرلیا گیا، مقدمہ خاتون ٹک ٹاکر اور ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں لینڈاسکیپ ایکٹ، فارسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف ایکٹ اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر لینڈ اسکیپ ایکٹ 1966، فارسٹ ایکٹ 1927 کے تحت درج کی گئی جبکہ انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 1997 کی دفعہ بھی شامل ہے اور ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 425، 188 بھی شامل ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق آگ لگنے کی جگہ نیشنل پارک کا علاقہ ہے، پہلے بھی آگ لگنے سے پودوں، گھاس اور چرند پرند کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے والے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

ویڈیو میں ٹک ٹاکر لائیٹر سے آگ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ دوسری ویڈیو میں خاتون بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتے نظر آرہی ہیں۔

علاوہ ازیں مقبول مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خطرناک یا غیرقانونی رویے کو فروغ دینے والا مواد ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے، ہمارے پلیٹ فارم پر ایسے مواد کی کوئی جگہ نہیں۔

ترجمان کے مطابق خطرناک اور غیرقانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے مواد کو ہٹادیا جاتا ہے اور ایسے مواد کو محدود یا لیبل کرنے کے لیے بھی کوشاں رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ مارگلہ ہلز میں اتوار کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی جو کئی گھنٹے لگی رہی تھی۔

سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے مطابق سید پور رینج جنگل نمبر 19 اور بوٹینیکل گارڈن میں آگ لگی تھی۔

قومی خبریں سے مزید